ایپوہ : اذلان شاہ ہاکی کپ کپ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دے دی ہے۔ پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا۔ جاپان پہلی مرتبہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا۔ میچ 5 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا تو جاپان نے 3 منٹ 36 سیکنڈ پر ہی پہلا گول داغ دیا، پاکستان نے میچ کے تیسرے کوارٹر کے 4 منٹ اور 22 سیکنڈ پر فیلڈ گول کر کے میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا، پاکستان نے دوسرا گول تیسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ پر داغ کر جاپان پر برتری حاصل کر لی ۔ چوتھے کوارٹر میں جاپان نے ایک اور گول کیا تو میچ دو دو سے برابر ہوگیا۔ میچ پنالٹی شوٹ تک گیا۔ جاپان نے چار اور پاکستان نے ایک گول کیا۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچ میچوں میں مجموعی طور پر 11 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔ ایونٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائیشیا، پاکستان، کوریا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کینیڈا شامل ہیں۔
پاکستان نے 1999، 2000 اور 2003 میں تین مرتبہ اذلان شاہ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا اور گزشتہ ایڈیشن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جو 2022 میں ایپوہ میں ہی منعقد ہوا تھا۔ ملائشیا اس سال کے ایڈیشن کی دفاعی چیمپیئن ہے۔