لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر لڑکیوں کا نکاح رجسٹر کرنے والے نکاح خواں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق ہنوں نے عظمت بی بی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا. عدالت نے باور کرایا کہ ہائی کورٹ نے کمسن بچوں کی شادی روکنے کیلئے واضح احکامات دیئے ہوئے ہیں اور ان احکامات کے مطابق نکاح کے وقت رجسٹرار ، نکاح خوان اور گواہوں کے پاس دلہن کی عمر کے تعین کے بارے میں دستاویزات ضروری ہونے چاہییں.
عدالت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود کمسن بچوں کی شادیاں جاری ہیں اور نکاح رجسٹرار اور نکاح خوان عدالتی ہدایات کی پیروی نہیں کر رہے.
عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ ادارے ایسے نکاح رجسٹرار اور نکاح خوان کے خلاف سخت کارروائی کریں.
واضح رہے کہ خاتون نے اپنی چودہ سالہ بیٹی کی بازیابی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا.