اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی جماعتوں کا اہم اجلاس پیر 13 مئی کو سہ پہر 3 بجے طلب کرلیا۔اجلاس میں آئندہ بجٹ سیشن، اظہار تشکر کی قرارداد اور دیگر امور پر فیصلے کئے جائیں گے۔
اجلاس قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں ہوگا۔ قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے کیلنڈر ایونٹ ترتیب دیے جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،وزیر قانون و انصاف اور پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ کو دعوت دی گئی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ کے چوہدری سالک حسین وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی بھی شرکت کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے اعجاز حسین جاکھرانی،ایم کیو ایم کے سید امین الحق اور جے یو آئی کے نور عالم خان بھی مدعو کیے گئے ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی کے گل اصغر خان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد حسین مگسی بھی شرکا میں شامل ہیں۔
اپوزیشن پارٹی سنی اتحاد کونسل کے ملک محمد عامر ڈوگر کو بھی دعوت دی گئی ہے۔