پارک لین، توشہ خانہ گاڑیوں ریفرنس: صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا

10:47 AM, 11 May, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد  سے  پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں ریفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا۔احتساب عدالت نے صدر مملکت آصف علی زرداری کیخلاف کارروائی روک دی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔جب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔

تحریری  فیصلہ  میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی۔درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں کیسز کی کرمنل کارروائی جاری نہیں رہ سکتی اور پراسکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی۔

احتساب عدالت کے تحریری فیصلہ  میں مزید کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس ہوسکتا اور نا کوئی کارروائی جاری رہ سکتی۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں