پی ٹی آئی شرپسندوں نے ہمارا شو روم تباہ کردیا: اوڈی پاکستان 

پی ٹی آئی شرپسندوں نے ہمارا شو روم تباہ کردیا: اوڈی پاکستان 

اسلام آباد: اوڈی پاکستان کی جانب سے جاری ایک بیان کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور میں احتجاج کے دوران ہمارے شو روم کو بدترین تباہی کا نشانہ بنادیا گیا۔

گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہم شہر میں بڑھتے ہوئے تشدد اور بدامنی کی وجہ سے پوری کوشش کے باوجود شوروم کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شو روم کی تباہی ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے، ہم نے صارفین کو ایک خوش آئند اور غیرمعمولی ماحول فراہم کرنے کے لیے کافی وقت، وسائل اور سرمایہ کاری کی۔

اوڈی پاکستان کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم مقامی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی تحقیقات کی جا سکیں اور توڑ پھوڑ کے اس فعل کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔