اسلام آباد: قومی اسمبلی میں دوہری شہریت والوں سے ووٹ کا حق واپس لینے اور صرف پاکستانی شہریت والے اوورسیز کو حق دینے کا بل پیش کر دیا گیا جسے مجوزہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن نور عالم خان نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت کے حامل بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے خلاف ہیں جبکہ صرف پاکستانی شہریت رکھنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حق میں ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءجاوید لطیف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کی آڑ میں مقدمات درج ہونے کے خلاف ہوں تاہم عمرانی فتنے کے خلاف فیصلے کا وقت آ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیوکلیر پروگرام کو سی پیک کی طرح رول بیک کرنا چاہتے تھے، کمیشن بنانا ہے تو بنائیں لیکن پھر 2014 ءاور 2017ء میں نواز شریف کیساتھ جو ہوا، اس پر بھی کمیشن بنائیں۔
ایاز صادق نے اظہا رخیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے پہلے بھی استعفے دیئے اور تنخواہیں لیں ،اب پھر یہی کریں گے، بتایا جائے اب انہیں تنخواہیں کیسے دی گئیں؟