وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ لندن روانہ ہو گئے

08:54 AM, 11 May, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ لندن روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفاقی وزرا احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور خرم دستگیر بھی لندن روانہ ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو پارٹی رہنماﺅں سے بعض معاملات پر مشاورت کرنی ہے اور (ن) لیگ بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ الیکشن، پنجاب کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نواز شریف اور اسحاق ڈار سے مشاورت ہو گی۔ 
واضح رہے کہ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا، پاکستان میں70 سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں