وزیراعظم عمران خان کے کشمیر پر موقف کی حمایت کرتا ہوں ، شاہد خاقان عباسی

وزیراعظم عمران خان کے کشمیر پر موقف کی حمایت کرتا ہوں ، شاہد خاقان عباسی
سورس: file photo

اسلام آباد، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پہلی بار وزیر اعظم عمران خان  کے موقف کی تائید کردی ۔ شاہدخاقان عباسی نے کہا  کہ آج عمران خان نے کشمیر پرجو  اسٹینڈ لیا ہے وہ اس کی حمایت کرتے ہیں ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ آرٹیکل 370 ہمارا مسئلہ نہیں ہے لیکن آج وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک آرٹیکل 370 ختم نہیں ہوتا تب تک بھارت کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے ۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ  کشمیر کا مسئلہ ہم نے متنازع کردیا ہے، حکومت کا ہر دوسرے دن یو ٹرن ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ ٹیلی فون پر  عوام کے سوالوں کے براہ راست جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے اقدامات کی واپسی تک پاکستان بھارت سے کوئی بات نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نےکہا افسوس ہےکہ مغرب انسانی حقوق کی بات توکرتا ہے لیکن کشمیر کے مسئلے پر اُس طرح ساتھ نہیں دیتا جیسے دینا چاہیے۔