نماز عید کے لئے گائیڈلائنز جاری کردی گئیں

06:34 PM, 11 May, 2021

اسلام آباد، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے نماز عید سے متعلق گائیڈ لائنزکی منظوری دے دی ، نمازعید کی گائیڈ لائنز کا اطلاق ملک بھرمیں ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس ہوا،ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں ملک گیر نقل و حمل پر عائد پابندیوں کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

این سی او سی نے نمازعید سےمتعلق گائیڈ لائنزکی منظوری دے دی ، نمازعید کی گائیڈ لائنز کا اطلاق ملک بھرپرہو گا، جس میں کہا گیا ہے کہ نمازعید کھلے مقامات پرکورونا پروٹوکولز کے ساتھ ادا کی جائےاور مسجدمیں نماز عیدکی صورت میں کھڑکیاں،دروازے کھلےرکھے جائیں۔

این سی او سی نے ہدایت دی ہے کہ رش سےبچنےکیلئےایک وقت میں نمازعیدکےمختلف اجتماعات رکھے جائیں اور نماز عید مختصر وقت کے دوران ادا کرنے کی کوشش کی کوشش کے ساتھ ساتھ نماز عید کاخطبہ مختصر وجامع رکھا جائے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق نماز عید کے دوران نمازیوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہو گا ، 15 سال سےکم عمر،بوڑھے،بیمارافرادکونمازعید میں شرکت نہ کرنےدی جائے اور نمازی حضرات گھر سے جائے نماز ساتھ لیکر آئیں۔

این سی اوسی کا کہنا تھا کہ نمازعید کے اجتماع کےلیےمختلف داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں اور داخلی راستوں پر تھرمل اسکیننگ کا انتظام کیا جائے، سماجی فاصلہ رکھنے کیلئےصفوں میں 6فٹ فاصلےپرنشانات لگائے جائیں۔

گائیڈ لائنز کے مطابق نمازعید کےلیےنمازیوں کو گھر سے وضو کرنے کی تاکید کی جائے، نمازکے بعد مصافحہ، معانقہ کرنے کے ساتھ ساتھ نماز سے قبل اور بعد میں بھیڑ لگانے سے گریز کیا جائے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز پرسختی سےعمل کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کورونا بارے حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے متحد ہو۔

مزیدخبریں