اسلام آباد ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہےکہ ہم انشااللہ جلد کوروناوائرس پر قابو پا لیں گے، ہاتھ دھونا، ماسک پہننا اور سماجی فاصلے جاری رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ میں پاکستان اور خطے کے ممالک کے کورونا اعداد وشمار قریب سے دیکھتا ہوں، انشااللہ آپ کی کوششیں رنگ لائیں گی،7باتیں قابل ذکر ہیں، پاکستان کی انتظامی معاملات پر اچھی ساکھ بنی، علما اور میڈیا کا اہم کردار رہا۔
صدر نے کہا کہ ہم نےمساجد کھلی رکھیں اور اللہ سے تعلق برقرار رکھا، روزگار کو تباہی سے بچائے رکھا، قومی،صوبائی سطح پرمناسب تعاون رہا، ہمارا احساس پروگرام ایک بہترین سماجی امداد کے طور پر سامنے آیا۔
عارف علوی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اب بھی کورونا پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے، ہم تقریباً کنارے تک پہنچ گئے ہیں اور انشااللہ جلد قابو پا لیں گے، ہاتھ دھونا، ماسک پہننا اور سماجی فاصلےجاری رکھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرےدوستوں ہمیں شکست خوردہ ذہنیت سےزندگی بسر کرنا بند کرنا ہوگا، آپ نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور پاکستان بہتری کے راستے پر گامزن ہے۔