اسلام آباد: فلسطین لہو ، لہو، مسلمانوں کی طرف سے اسرائیلی حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے، ہیش ٹیگ مسجد اقصیٰ ، غزہ انڈر اٹیک ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی بربیت کے خلاف پوری اسلامی دنیا میں شدید غصے کا اظہار کیا جارہاہے ۔ سوشل میڈیا پر اسرائیلی بربریت کے ردعمل میں اقوام عالم کی خاموشی پر سوال اٹھایا گیا، دنیا بھر سے ٹویٹس میں فلسطینیوں کی سلامتی کی بھی دعائیں کی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے فلسطینیوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کیا ہے اور اسرائیلی مظالم کی ویڈیوز شیئر کیں ہیں،ایک سوشل میڈیا صارف کا کہناتھاکہ خون میں لت پت ننھے پھولوں کی تصاویر پر دل خون کے آنسو روتا رہا۔
واضح رہے کہ عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ کے شمال مغربی علاقے بیت حانون میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا نے فلسطینی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے کئے گئے اس حملے کے دوران متعدد گولے چلتی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گرے اور سڑک پر لاشوں کے ڈھیر لگ گئے۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں جائے وقوع پر رقت آمیز مناظر دیکھے جاسکتے ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گولہ باری کے نتیجے میں تین بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوئے ہیں تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلسطینی مزاحتمی تنظیم حماس نے غزہ کی سرحد سے مقبوضہ بیت المقدس کی جانب راکٹ فائر کئے ہیں جس کے بعد اسرائیل میں سائرن بجنے لگے اور پارلیمنٹ کو خالی کرالیا گیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، حماس نے اسرائیل کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مسجد الاقصیٰ اور دیگر اہم مذہمی مقامات سے اسرائیلی فوج کو ہٹالے۔