اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو ایک اہم اجلاس میں بریفنگ دی گئی ہے کہ پاکستان میں بھاشا ڈیم منصوبہ عملی کام کے آغاز کیلئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی واٹر سیکورٹی سٹریٹجی اور ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پانی کے بچاؤ کی قومی حکمت عملی، زراعت اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ڈیمز کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزرا فیصل واوڈا، اسد عمر، سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور معاون خصوصی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چئیرمین واپڈا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان کو بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق زیر التوا امور کے حل پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس اہم منصوبہ سے متعلق امور کو حل کر لیا گیا ہے۔ بھاشا ڈیم منصوبہ عملی کام کے آغاز کے لیے تیار ہے۔
اہم بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ متعدد وجوہات کی بنا پر کئی دہائیوں سے تعطل کا شکار رہا۔ ڈیم کی تعمیر سے 16500 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ سیمنٹ اور سٹیل کے بھاری مقدار میں استعمال سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیم سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک میں پانی کی موجودہ قلت کو کم کیا جا سکے گا۔ 1.23 ملین ایکڑ اراضی کو زراعت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ ڈیم کے آس پاس کے علاقے کی سماجی ترقی کے لئے 78.5 بلین خرچ ہوں گے جبکہ ہر سال سیلاب سے ہونے والے اربوں روپے مالیت کے نقصانات سے بچنے میں بھی مدد ملے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈیموں کی تعمیر سے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی کام کے دوران مقامی مواد اور مہارت کے استعمال کو ترجیح دی جائے۔ تعمیرات اور اس سے وابستہ صنعتوں کے فروغ میں مدد مل سکے گی۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے مہمند ڈیم پر تعمیراتی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے مہمند ڈیم پر تعمیراتی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔