حکومت اٹھارویں ترمیم کو مت چھیڑے ، خواجہ آصف

05:46 PM, 11 May, 2020

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کو آج سندھ کارڈ والا بیان نہیں دینا چاہیے تھا، اٹھارویں ترمیم حل شدہ معاملہ حکومت مت چھیڑے، 


تفصیلات کے مطابق ، کورونا صورتحال پر بلائے گئے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ  شاہ محمود قریشی نے (ن) لیگ کے حوالے سے 10 سال حکومت کی بات کی، پنجاب میں اب تک جتنے کورونا کیسز ٹیسٹ کئے گئے۔ وہ تمام ادارے ن لیگ نے بنائے ۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ہماری تیاری تھی، اب حکومت بتائے کہ 7 سال میں خیبر پختونخوا میں آپ نے کون سی تیاری کی؟ اب تک کورونا وائرس سے بچاؤ کا کوئی پلان ہمارے پاس نہیں، اب بھارت سے بھی اربوں روپے کی دوا منگوائی گئی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ لمبی جنگ ہے لیکن اس کے آغاز میں ہی ہمارے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ معیشت میں پہلے ہی ایمونٹی نہیں تھی کہ نئی بیماری لگے۔ غیب کا علم اللہ کے پاس، پتا نہیں کورونا معیشت کا کیا حال کرے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کرائسز کی آڑ میں دوسری جانب نیب اور ایف آئی اے سے اپوزیشن کو گرفتار کرایا جا رہا ہے۔ کہتے ہیں قومی سوچ پیدا کرنی ہے، کیا یہ ہے قومی سوچ؟

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف بہادری کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں، میں انھیں قوم کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں، وہ ہمارے فرنٹ لائن سولجر ہیں لیکن کیا ہم نے موثر طریقے سے جنگ لڑنے کے لیے انھیں ہتھیار فراہم کیے؟ آج بھی کئی ڈاکٹرز کے پاس حفاظتی سامان نہیں ہے۔

خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ تفتان سے لے کر پورے پاکستان کے قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات چیک کرنے کے لیے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے۔

اٹھارویں ترامیم معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے، اس اجلاس کے بعد حکومت کو ہوش آئے۔ یہ معاملہ ناکامی، نااہلی اور غیر سنجیدگی کا ہے۔ حکمران اٹھارویں ترامیم کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں