کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے جلد متعارف کی جانے والی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایپ میں وائرس کی تشخیص میں بھی آسانی فراہم کی جائے گی۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرزکی رپورٹ کے مطابق مہلک کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے مارچ میں ایپ متعارف کرنے کا اعلان کیا تھا جو کورونا وائرس بچاؤ سے متعلق معلومات فراہم کرے گی۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اب تک ایپ پر کام جاری ہے اور کہا گیا ہے کہ اسے جلد متعارف کردیا جائے گا لیکن کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ ایپ صرف معلومات ہی فراہم نہیں کرے گی بلکہ کووڈ 19 کی تشخیص میں مدد گار ثابت ہوگی۔
اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 ایپ میں معلوماتی فیچرز کے ساتھ اسکریننگ فیچر بھی شامل کیا جارہا ہے تاکہ صارفین کو فوری طور پر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں کورونا کی تشخیص کرنے میں مدد مل سکے لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہوگا کہ یہ ان کا کورونا ٹیسٹ ہے۔
اس کے علاوہ کانٹیکٹ ٹریسنگ فیچر بھی پیش کیا جائے گا جو کہ صارفین کے اسمارٹ فون میں بلیو توتھ کی مدد سے کام کرے گا۔
یعنی اگر کوئی شخص کورونا وائرس سے متاثرہ مریض سے رابطے میں رہا ہوگا تو یہ کانٹیکٹ ٹریسنگ فیچر صارف کو فوراً نوٹیفکیشن سے آگاہ کرے گا تاکہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنا ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ خود کو قرنطینہ میں رکھ لے۔