راشد لطیف نمبر ون وکٹ کیپر قرار

12:50 PM, 11 May, 2020


اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) ڈریم پیئر مہم کے تحت مداحوں نے دیگر وکٹ کیپرز کے مقابلے میں وکٹ کیپر و بیٹسمین راشد لطیف کو چن لیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں راشد لطیف کے مداحوں نے سابق وکٹ کیپر معین خان، سرفراز احمد اور کامران اکمل سب کو مات دے دی ہے ۔

پسندیدہ وکٹ کیپر چننے کے لیے مقبول وکٹ کیپر کی مہم میں 6 لاکھ سے زائد ٹوئٹر صارفین نے حصہ لیا ، مقبولیت کی دوڑ میں پاکستان کے 8 موجودہ اور سابق وکٹ کیپرز شامل تھے۔ 37 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کے پیچھے 130 شکار کرنے کے ساتھ 1381 رنز  بنانے والے راشد لطیف مقبولیت میں سب پر سبقت لے گئے ، جبکہ مقبولیت کی دوڑ میں معین خان کا دوسرا اور سرفراز احمد کا تیسرا نمبر رہا ۔

پی سی بی ڈریم پیئر میں ایک وکٹ کیپر اور دیگر کیٹگریز میں پیئر کا انتخاب کیا گیا، اوپنرز میں سعید انور اور عامر سہیل جبکہ بلے بازوں میں ٹوئٹر صارفین نے یونس خان اور محمد یوسف کو منتخب کیا۔

اسی طرح فاسٹ باؤلرز میں وسیم اکرم وقار یونس، اسپنرز میں عبدالقادر اور ثقلین مشتاق نے مقبولیت حاصل کی جبکہ آل راؤنڈرز میں عمران خان اور شاہد آفریدی مقبول رہے۔

29 اپریل سے جاری مہم میں اس سے قبل 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل اوپننگ جوڑی مہم کے پہلے حصہ میں مقبول ترین رہی۔

مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف کا ڈریم پیئر سب سے مقبول جوڑی رہا۔فاسٹ بالرز کے ڈریم پیئرز میں ٹو ڈبلیوز کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گذشتہ ریکارڈز توڑدئیے۔

سپنرز کی کٹیگری میں گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی اسپن جوڑی کو مقبول ترین قرار دیا گیا۔آل راؤنڈرز میں عمران خان اور شاہد آفریدی کی جوڑی سب سے مقبول رہی تھی جبکہ شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے اس ریس میں دوسرا نمبر حاصل کیا تھا۔
#/S

مزیدخبریں