امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پہلی خصوصی پرواز اسلام آباد روانہ

امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پہلی خصوصی پرواز اسلام آباد روانہ

اسلام آباد: امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی پرواز 200 مسافروں کو لے کر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے حکومت پاکستان نےچارٹرڈ فلائٹ کا بندوبست کیا تھا۔ایک اور چارٹرڈ پرواز امریکہ میں پھنسے 150 طلبا کو لے کر 11 مئی کو پاکستان آئے گی۔امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان افتتاحی پرواز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ائیرپورٹ پر موجود رہے۔

امریکہ سے وطن واپس جانے والوں کے لیے پاکستانی سفیر نے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔خیال رہے کہ چند روز قبل قومی ائرلائن (پی آئی اے) نے امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا پلان مکمل کیا تھا۔ذرائع کے مطابق امریکی ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے لیے سلاٹ مختص کر دیا تھا.پی آئی اے کی ایک ماہ میں 12 پروازیں امریکہ کے لیے شیڈول کی گئی ہیں جو واشنگٹن، شکاگو، نیو جرسی کے لیے آپریٹ ہوں گی۔ پی آئی اے نے امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی شیڈول سے آگاہ کر دیا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ کے لیے اپنی براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔امریکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو اجازت دینے کا مراسلہ جاری کر رکھا ہے۔ جس کے مطابق پی آئی اے ایک ماہ کے دوران ایک درجن پروازیں چلا سکتا ہے۔