چوہدری برادران کی نیب کے خلاف درخواست پر سماعت کرنیوالا بینچ ٹوٹ گیا

 چوہدری برادران کی نیب کے خلاف درخواست پر سماعت کرنیوالا بینچ ٹوٹ گیا


لاہور :لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کی نیب کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ، بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی  ۔

تفصیلات کے مطابق   بینچ کے سربراہ جسٹس سردار احمد نعیم نے نیا بینچ تشکیل دینے کے لئے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی ہے،چیف جسٹس قاسم خان چوہدری برادران کی درخواست پر سماعت کے لئے نیا بنچ تشکیل دیں گے۔

گذشتہ سماعت پر صدر لاہور ہائی کورٹ بار طاہر نصراللہ وڑائچ نے بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر کی جانب سے چوہدری برادران کی درخواست پر سماعت کرنے پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ جسٹس فاروق حیدر چوہدری برادران کے متعدد کیسز میں پیش ہوتے رہے، لہذا جسٹس فاروق حیدر سماعت نہ کریں جس کے بعد جسٹس فاروق حیدر نے اس کیس کی سماعت سے معذرت کرلی اور کہا کہ وہ اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے۔

بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری برادران کی درخواست کی سماعت کیلئے نیا دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا  ،جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔