طور خم بارڈر پر تعینات پاک فوج کے میجر اصغر کورونا وائرس سے شہید

طور خم بارڈر پر تعینات پاک فوج کے میجر اصغر کورونا وائرس سے شہید
کیپشن: آرمی چیف نے انہیں ہدایات دی تھیں کہ لوگوں تک پہنچیں اور اُن کی مشکلات میں آسانی پیدا کریں، ترجمان پاک فوج۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: کورونا وائرس کے سبب طورخم بارڈر پر تعینات پاک فوج کے میجر محمد اصغر شہید ہوگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ایسے وقت میں جب سب لوگ گھروں میں محصور ہو رہے ہیں تو افواجِ پاکستان فرنٹ لائن پر لوگوں کی خدمت کے لیے نکلی ہوئی ہے، میجر محمد اصغر طور خم بارڈر ٹرمینل پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے جب افغانستان میں پھنسے لوگوں کی واپسی شروع ہوئی تو آپ کے ذمہ بارڈر ٹرمینل پر اسکریننگ کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد اصغر کو اچانک سینے میں تکلیف اٹھی اور سانس لینے میں دقت کا سامنا ہوا جس کے باعث انہیں سی ایم ایچ پشاورمنتقل کیا گیا، انہیں وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے انہیں ہدایات دی تھیں کہ لوگوں تک پہنچیں اور اُن کی مشکلات میں آسانی پیدا کریں اور میجر محمد اصغر ہم وطنوں کو کورونا وائرس سے بچاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔


ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ میجر اصغر نے فرض کی ادائیگی میں کئی لوگوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے میں بھر پور کردار ادا کیا، جان تو دے دی لیکن مقدس فریضے کو آخری وقت تک نبھاتے رہے، قوم اپنے اس ہیرو کو سَلام پیش کرتی ہے۔