امریکی سفارتی پابندیوں کا جواب، پاکستان نے امریکی سفارتکاروں پر پابندی لگا دی

02:20 PM, 11 May, 2018

اسلام آباد: امریکی سفارتی پابندیوں کے جواب میں پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندی لگا دی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق دیکھا جائے گا۔ امریکی سفارتکاروں کو پاکستان میں نقل و حمل سے پہلے متعلقہ پاکستانی حکام سے اجازت لینا ہو گی۔

مزید پڑھیں: ن لیگی ایم این اے سمیت 6 ملزمان پر فرد جرم عائد

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانے کی اپنی یا کرائے پر لی گئی گاڑیوں پر کالا شیشہ لگانے کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ زیر استعمال گاڑیوں پر اصلی نمبر پلیٹ لگانا لازمی ہو گا۔

امریکی سفارتخانےکی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی اجازت نہیں ہو گی۔ کرائے کی عمارتوں کے حصول اور تبدیلی کے لیے این او سی لینا ہو گا جبکہ امریکی سفارتکاروں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر فون سمز جاری نہیں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں :کوہاٹ چونگی کے نزدیک دھماکے میں ایک اہلکار شہید

واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کے سفارتی عملے پر پابندیاں لگائی ہیں جن کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے ۔ ان پابندیوں کے تحت پاکستانی سفارتی اہلکار سفارتخانے سے 25 میل کے فاصلے کے اندر رہیں گے اور اگر اُنہیں 25 میل سے باہر جانا ہوا تو امریکی محکمہ خارجہ سے خصوصی اجازت حاصل کرنا لازمی ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں