کیلیفورنیا: ہمارے معاشرے میں فاسٹ فوڈ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے ، لیکن یہی مغربی کھانے آپ کو کس قدر نقصان پہنچا سکتے ہیں یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ جی ہاں ، امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ فاسٹ فوڈ سے آپ گٹھیا کے تکلیف دہ مرض کا شکار ہوسکتے ہیں۔گٹھیا کا مرض جو کہ ہڈیوں کے جوڑوں کی بیماری ہے اور جس میں یورک ایسڈ کی کافی مقدار خون میں شامل ہوجاتی ہے جس سے جوڑ سوجن کا شکار ہوجاتے ہیں۔
ہاورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پراسیس شدہ سرخ گوشت، سافٹ ڈرنکس، فرنچ فرائز، چینی اور میٹھی اشیاءوغیرہ کا زیادہ استعمال اس تکلیف دہ مرض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔اس کے مقابلے میں پھلوں، سبزیوں، گریوں اور اجناس پر مشتمل غذا گٹھیا کے مرض سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔تحقیق کے دوران 44 ہزار افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ فاسٹ فوڈ کے شوقین افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی جبکہ پھلوں و سبزیوں پر مشتمل غذا کا استعمال کرنے والوں میں یہ خطرہ 32 فیصد تک کم پایا گیا۔محققین کو توقع ہے کہ ان نتائج سے لوگوں میں گٹھیا کے مرض پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی کیونکہ صحت بخش غذا یورک ایسڈ کی سطح میں بھی کمی لاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت بخش غذا کے استعمال سے گٹھیا کے ساتھ ساتھ ہائی بلڈ پریشر سے بھی تحفظ ملتا ہے جو کہ گٹھیا کے مریضوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے۔