شب برأت کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا

05:57 PM, 11 May, 2017

کراچی: صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں شبِ برات کے موقع پرعام  تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق 12مئی بروز جمعہ شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل ہوگی تاہم انٹر اور جامعات میں ہونے والے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
یاد رہے کہآج ملک بھر میں شب برأت نہایت عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ ملک بھر کی تمام چھوٹی، بڑی مساجد میں محافل اور ذکر الٰہی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی جن میں علمائے کرام اور مقررین شب برأت کی فضیلت بیان کریں گے۔جبکہ  شہری قبرستان جاکر اپنے پیاروں کے ایصال ثواب کے لیے قبروں پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔لاکھوں شہری قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے، قبرستانوں کے باہر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے، شب برأت کے اجتماعات میں اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش و مغفرت، ایمان و سلامتی اور عالم اسلام کی سلامتی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

شب برأت کے موقع پر ملک بھر میں مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، قبرستان کے اطراف پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ حساس علاقوں میں واقع مساجد پر خصوصی سیکیورٹی زون قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر ہونے والی محافل کے لیے بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 

مزیدخبریں