شہباز شریف نے عرفان کا مصنوعی ہاتھ لگوانے کا اعلان کر دیا

شہباز شریف نے عرفان کا مصنوعی ہاتھ لگوانے کا اعلان کر دیا

ننکانہ صاحب: وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں مچھر والی میں تشدد کے بعد ہاتھ کاٹے جانیوالے 13 سالہ عرفان کے گھر پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے 10 لاکھ کا امدادی چیک دیا اور عرفان کا مصنوعی ہاتھ لگوانے جبکہ متاثرہ خاندان کے بچوں کے تعلیم و تربیت کے اخراجات پنجاب حکومت کی جانب سے دینے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک دن کی تاخیر سے مقدمے کا اندراج افسوسناک ہے۔

وزیر اعلی نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا میں ذاتی طورپر تحقیقات کی نگرانی کروں گا اور آپ کے ساتھ ہر قیمت پر انصاف ہوگا۔ انہوں نے  افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جب تک تحقیقات مکمل نہ ہو جائیں انکوائری کمیٹی کے ممبران اسی علاقے میں رہیں گے۔

ادھر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے 13 سالہ گھریلو ملازم کا ہاتھ کاٹنے کے واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔

واضح رہے چند روز پہلے عرفان جانوروں کے لئے کھیتوں سے چارہ لے کر آیا اور شفقت بی بی سے روٹی مانگی۔ شفقت بی بی نے اسے روٹی تو نہ دی بلکہ گالم گلوچ شروع کر دی اور طیش میں آ کر عرفان کو پکڑ کر چارہ کاٹنے والی مشین کے پاس لے گئی اور مشین چلا کر دھکا دے دیا جس سے عرفان کا دایاں ہاتھ کٹ گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں