چمن: پاک افغان سرحد پر کشیدگی بدستور برقرار ہونے کے ساتھ باب دوستی آج ساتویں روز بھی بند ہے۔ کسٹم ہاؤس سمیت تجارتی سرگرمیاں اور پیدل آمدورفت بھی بند ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بیمار افغان شہریوں کو افغانستان جانے کی اجازت ہے اور ایف آئی اے کے مطابق 3 روز کے دوران 30 سے زائد افغان شہری افغانستان گئے۔ کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں مردم شماری کاعمل بدستور معطل ہے جبکہ شہری علاقوں میں مردم شماری کاعمل جاری ہے۔
افغان جارحیت کے بعد چمن کے سرحدی علاقے میں پاک فوج اور ایف سی کے تازہ دم دستے ہر قسم کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے موجود ہیں اور متاثرہ دیہات کے مکین خیمہ بستی اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
یاد رہے چمن میں 5 مئی کو افغان فورسز کی جانب سے در اندازی اور مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ سے شروع ہونے والی جھڑپ کے بعد باب دوستی بند ہے جبکہ اب تک سرحد کے تعین کے لیے جیالوجکل ٹیموں کی جانب سے بھی واضح صورتحال سامنے نہیں آ رہی۔
واضح رہے 9 مئی کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے افغان سفیر عمر زاخیل وال نے ملاقات کی تھی۔ سرتاج عزیز نے واضح کیا کہ افغان حکام نے بات چیت کے بجائے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جب تک افغان حکومت پاکستان کے تحفظات دور نہیں کرتی باب دوستی بند رہے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں