فالسہ ’ہیٹ اسٹروک‘ سے بچاو کا بہترین ذریعہ ہے

فالسہ ’ہیٹ اسٹروک‘ سے بچاو کا بہترین ذریعہ ہے

لاہور:پاکستان میں چاروں موسم آتے ہیں اور بھر پور طریقے سے آتے ہیں لیکن ہر نئے آنے والے سال کے ساتھ گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گرمی ناقابل برداشت ہوتی جارہی ہے ۔گرمی کی شدت سے بہت سے لوگ بیمار پڑ جاتے ہیں اور ان بیماریوں کی بڑی وجہ ہیٹ اسٹروک بھی ہے ۔یوں تو گرمی سے بچنے کے بہت سے طریقے ہیں جن میں چھتری کا استعمال ،سن گلاسز وغیرہ شامل ہیں لیکن کھانے پینے میں سب سے زیادہ خیال اور احتیاط کی ضرورت ہے۔ایسی غذائیں کھائیں جو آپ کو اعضا کے لیے بہترین ہو اور ان کو فعال ہونے میں مدد دے تا کہ وہ گرمی سے بڑھنے والے جسم کے درجہ حرارت کے ساتھ بھی موثر طریقے سے کام کر سکیں۔

گرمیوں میں فالسہ ایک ایسا پھل ہے جو ہر کسی کی پہنچ میں ہے لیکن اتنا عام ہونے کے باوجود یہ کتنا خاص ہے یہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔اب آپاس کا جوس بنائیں یا ویسے ہی کھائیں، کچھ دنوں کے لیے آنے والا یہ پھل کئی طرح منہ کے ذائقہ بہتر بنانے کا کام کرتا ہے۔سب سے بڑھ کر ہیٹ اسٹروک سے بچنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

معدے کے لیے بہترین
فالسے کا جوس نظام ہاضمہ کے بہترین ہے، انسائیکلو پیڈیا آف ورلڈ Medicinal پلانٹس کے مطابق یہ نہ صرف نظام ہاضمہ کے افعال کو کنٹرول میں رکھتا ہے بلکہ یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی کو دور بھی کرتا ہے۔ کچھ ماہرین کے مطابق فالسے کا جوس پینے سے پیٹ کے درد کا علاج بھی ممکن ہے، جس کے لیے جوس میں تین گرام اجوائن ملائیں اور تھوڑا سا گرم کرکے پی لیں۔

ذیابیطس کے لیے بہترین میٹھا
فالسے میں مٹھاس عام طور پر نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، پاکستان جرنل آف فارماسیوٹیکل سائنز کے مطابق فالسہ کم شکر والا پھل ہے، جس کا مطلب ہے کہ ذیابیطس اور خون کی شریانوں سے متعلق امراض کے شکار افراد اس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

جوان رکھے
اس پھل کی قدرتی رنگت یعنی جامنی رنگ درحقیقت ایک اینٹی آکسائیڈنٹ کی وجہ سے ہے جو کہ اینتھوسیان سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ کیمیکل ایک ہارمون کولیگن (جو جلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے)کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور جلد کی جوانی کو بحال کرتا ہے۔ فالسے کا استعمال خون کو بھی صاف کرتا ہے جس سے جلد بھی شفاف ہوتی ہے اور وہ جگمگانے لگتی ہے۔