کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد جاری کلیئرنس آپریشن میں بڑی کامیابی حاصل کرلی، 104 یرغمالی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرلیا گیا جبکہ 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس، جو کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی، کو دہشت گردوں نے بولان کے علاقے پیرو کنری میں نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں نے پہلے ریلوے ٹریک پر دھماکہ کیا، پھر ٹرین پر فائرنگ کرکے مسافروں کو یرغمال بنالیا۔
فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 16 دہشت گرد مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بازیاب کرائے گئے مسافروں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ مزید یرغمالیوں کی رہائی کے لیے آپریشن جاری ہے۔
دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال بنانے کی کوشش کی، اور ان کے بیرون ملک موجود سہولت کاروں سے رابطے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے علاقے میں مکمل سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے اور باقی یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔