ٹک ٹاک کی امریکی آپریشنز کی فروخت پر اہم مذاکرات جاری:ٹرمپ

09:45 PM, 11 Mar, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی فروخت کے لیے چار گروپوں سے مذاکرات جاری ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک کی فروخت کے حوالے سے مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، اور تمام گروپوں کی پیشکشیں اچھی ہیں۔ تاہم، انہوں نے کسی گروپ کا نام ظاہر نہیں کیا۔


ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز خریدنے کی دوڑ میں مائیکرو سافٹ، ریڈٹ کے شریک بانی، ارب پتی امریکی افراد کے گروہ اور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ سمیت کئی ادارے اور شخصیات شامل ہیں۔

امریکی حکومت پہلے ہی قانون بنا چکی ہے کہ ٹک ٹاک کو کسی امریکی کمپنی یا فرد کو فروخت کیا جائے، ورنہ ایپ پر امریکا میں پابندی عائد کردی جائے گی۔


امریکی قانون کے مطابق، ٹک ٹاک پر 19 جنوری 2025 کو پابندی عائد ہونی تھی، لیکن صدر ٹرمپ نے پابندی 75 دن کے لیے مؤخر کردی تھی۔ اب ٹک ٹاک کو ہر صورت میں اپریل 2025 تک کسی امریکی کمپنی کو فروخت کرنا ہوگا، ورنہ ایپ پر مکمل پابندی لگ سکتی ہے۔


یہ بھی امکان ہے کہ امریکی حکومت خود ٹک ٹاک کی فروخت کا معاہدہ کرائے، لیکن حتمی فیصلہ ٹک ٹاک کی مالک چینی کمپنی "بائٹ ڈانس" کرے گی کہ وہ کس گروپ کو امریکی آپریشنز فروخت کرنا چاہتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ٹک ٹاک کو جلد از جلد فروخت نہ کیا گیا تو امریکا میں اس پر ہمیشہ کے لیے پابندی لگ سکتی ہے۔
 

مزیدخبریں