مریم نواز کی مقبولیت مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی :عظمیٰ بخاری

09:30 PM, 11 Mar, 2025

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی، اسی وجہ سے وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہے ہیں۔

بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت آج رمضان پیکیج کی منظوری دے گی جبکہ پنجاب میں مریم نواز پہلے ہی 25 لاکھ افراد کو رمضان پیکیج فراہم کر چکی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کارکردگی میں پیچھے رہ جانے والے لوگ مریم نواز کا مقابلہ کیسے کریں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ماڈل ریڑھی منصوبہ میرٹ پر دیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما کرپشن کے الزامات لگاتے رہے، لیکن ان کے اپنے لیڈر 190 ملین پاؤنڈز کے اسکینڈل میں ملوث نکلے۔

عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت میں خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبے کرپشن اور کمیشن کے بغیر مکمل نہیں ہوتے، یہاں تک کہ سرجیکل گلوز کی خریداری میں بھی 5 کروڑ کی کرپشن کی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیاں فنڈز کی کمی کے باعث بند ہونے کے قریب ہیں جبکہ گنڈاپور کابینہ اور جماعت کے لوگ خود ان پر عدم اعتماد کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے نام پر ملنے والے وفاقی فنڈز پی ٹی آئی حکومت نے ریوڑیوں کی طرح آپس میں بانٹ دیے، اب کارکردگی کی بجائے الزامات کی سیاست کر کے اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 

مزیدخبریں