وزارتوں کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، عوام کو ترقیاتی کاموں سے باخبر رکھا جائے گا: وزیراعظم

09:18 PM, 11 Mar, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، جب تک مکمل امن قائم نہیں ہوگا، ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، جہاں پولیس اور افواجِ پاکستان کے افسران و جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے اور امید ہے کہ نئے وزرا کی شمولیت سے حکومتی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب ہر سہ ماہی میں وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ عوام کو ترقیاتی کاموں سے متعلق باخبر رکھا جاسکے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان میں آئی ایم ایف مشن موجود ہے، اور وزرا ان سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس پروگرام کو ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا میکرو اکنامک پروگرام مستحکم ہے اور ہمیں اب معاشی ترقی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہے۔


وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت نے 190 ملین پاؤنڈ کی لاگت سے اسلام آباد میں ایک جدید یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI)، اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی تعلیم دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی دنیا بھر کے بہترین اساتذہ کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کرے گی اور اس کا پہلا سیکشن 14 اگست 2026 کو فعال کر دیا جائے گا۔ اس تعلیمی ادارے کو ’دانش یونیورسٹی‘ کا نام دیا گیا ہے۔


وزیراعظم نے مزید کہا کہ ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، اور ہمیں اپنی برآمدات میں بھی تیزی سے اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب ہر ہفتے ایک یا دو وزارتوں کو خصوصی اجلاس میں بلایا جائے گا، جہاں وہ اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کریں گی، اور فوری فیصلے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں شامل وزرا کو ہدایت دی کہ ریلوے، بحری امور، اور دیگر شعبوں میں فوری اصلاحات کی جائیں تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
 

مزیدخبریں