جعفر ایکسپریس حملہ, دہشت گردوں کا افغانستان میں ماسٹر مائنڈ سے رابطہ، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری:ذرائع

08:45 PM, 11 Mar, 2025

کوئٹہ: ذرائع کے مطابق، جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے میں ملوث دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے ماسٹر مائنڈ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ دہشت گردوں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے، جس کے باعث سیکیورٹی فورسز انتہائی احتیاط کے ساتھ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب، دہشت گردوں کے حملے کے فوراً بعد ہندوستانی میڈیا، ہندوستانی سوشل میڈیا اور ملک دشمن عناصر کی غیرمعمولی سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، گمراہ کن پروپیگنڈے کے تحت پرانی ویڈیوز، اے آئی سے تیار کردہ جعلی مواد، پرانی تصاویر اور فیک پیغامات کے ذریعے عوام میں ہیجان پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، جس میں ہندوستانی میڈیا اور بیرون ملک موجود خود ساختہ جلا وطن بلوچ رہنما بھی شامل ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مستند ذرائع سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور مستند معلومات پر انحصار کریں۔

مزیدخبریں