اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دانش سکولوں کے بعد اب دانش یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کے مستقبل کو مزید روشن کرنا ہے۔
دانش یونیورسٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول کی کامیابی کے بعد اب دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جو دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائے گی۔ وزیراعظم نے اس بات کا عہد کیا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرے گا اور ان کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے یونیورسٹی میں دنیا کے بہترین سکالرز اور ماہرین کو مدعو کرنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ یہ یونیورسٹی اپلائیڈ سائنسز کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسی یونیورسٹی کا قیام پہلے کبھی نہیں ہوا تھا اور یہ نوجوان نسل کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ منصوبے کے لیے 190 ملین پاؤنڈ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم عوامی بہبود کے لیے استعمال کی جائے گی اور حکومت اس پیسے کو عوام کے مفاد میں استعمال کرے گی۔