اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور کی وفات اور جے یو آئی س کے سابق رکن قومی اسمبلی مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر قومی اسمبلی کا اجلاس تعزیتی طور پر ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس اب کل صبح ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی، جنہوں نے نواب یوسف تالپور کی وفات اور مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خالد مگسی نے دعا کرائی اور اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ نواب یوسف تالپور کا نام تو نواب تھا، مگر ان کا کردار ہمیشہ عوامی تھا۔ انہوں نے جنرل ضیا الحق اور پرویز مشرف کی آمریتوں کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد کی اور جمہوریت کے لیے آواز اٹھائی۔ وہ ایم آر ڈی کا حصہ رہے اور زراعت کے مسائل و پانی کی تقسیم پر بھی ہمیشہ بات کرتے تھے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے نواب یوسف تالپور کو جمہوریت کا ایک مضبوط حامی اور پارلیمنٹ میں ایک ملنسار شخصیت قرار دیا۔ پی ٹی آئی کے رکن علی محمد خان نے بھی نواب یوسف تالپور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ہمسائے تھے اور ایک بہترین انسان تھے۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے نواب یوسف تالپور اور مولانا حامد الحق کی جمہوریت کے لیے خدمات کو سراہا، جبکہ ایم کیو ایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے بھی اہل خانہ سے تعزیت کی۔سپیکر ایاز صادق نے اجلاس کل صبح 11:30 بجے تک ملتوی کردیا۔