کراچی :کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملہ کیس کا عبوری چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کر دیا گیا ہے، جس میں حملے کے نتیجے میں دو چینی باشندوں اور ایک مقامی شہری کی ہلاکت کا ذکر کیا گیا ہے۔
چالان کے مطابق، اس حملے میں ایک خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔ یہ عبوری چالان چار ماہ بعد پیش کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ خودکش حملہ شاہ فہد نے کیا، اور اس کا ماسٹر مائنڈ بشیر بلوچ عرف بشیر زیب اور عبد الرحمان عرف رحمان ہیں، جو ابھی تک مفرور ہیں۔
چالان میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان جاوید اور گل نسا نے اس حملے میں معاونت فراہم کی۔ جاوید نے ایئرپورٹ کی ریکی کی جبکہ گل نسا نے بلوچستان سے کراچی بارود سے بھری گاڑی لانے میں مدد کی۔
پولیس کے مطابق، دھماکے کے وقت جاوید اور اس کا ساتھی سراج عرف دانش ایئرپورٹ پر موجود تھے اور خودکش دھماکے کے بعد دونوں فرار ہوگئے تھے۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کی متعدد کوششیں کی گئیں، لیکن ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔