آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی پلان کی منظوری دے دی

11:32 AM, 11 Mar, 2025

اسلام آباد:آئی ایم ایف نے حکومت کے بجلی نرخوں میں کمی کے منصوبے کو گرین سگنل دے دیا ہے، جس میں بنیادی ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ تک کمی کی تجویز شامل ہے۔ یہ فیصلہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد ایک ارب ڈالر سے زائد کی دوسری قسط حاصل کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف مشن نے پاور ڈویژن کے ساتھ بجلی ٹیرف ری بیسنگ پر تفصیل سے بات چیت کی، اور حکومت کے پلان کو منظور کرتے ہوئے نیپرا اور پاور ڈویژن کو مشاورت سے فیصلے کرنے کی ہدایت کی۔

حکومت نے اپریل سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں 1 سے 2 روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔ یہ کمی آئندہ ماہ سے متوقع ہے۔

آئی ایم ایف نے تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے بھی حکومت کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور جنوری تک دو ڈسکوز کی نجکاری نہ ہونے پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ جب تک ڈسکوز کی کارکردگی بہتر نہیں کی جاتی، پاور سیکٹر میں بہتری ممکن نہیں ہے۔

آج پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کے وفد سے اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کی ریونیو پالیسی، زرعی انکم ٹیکس، پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکس اور ساورن ویلتھ فنڈ پر بھی بات چیت کی جائے گی

مزیدخبریں