پاکستان سمیت دنیا بھر میں "ایکس" کی سروس متاثر، ایلون مسک کا سائبر حملے کا دعویٰ

12:51 AM, 11 Mar, 2025

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) کی سروس معطل ہونے اور رسائی میں مشکلات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک نے سائبر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

 پیر کے روز سہ پہر 3 بج کر 2 منٹ پر پاکستان میں صارفین نے "ایکس" کی سروس متاثر ہونے کی شکایات درج کروائیں، جو رات 9:32 بجے تک 100 سے تجاوز کر گئیں۔ سب سے زیادہ شکایات لاہور، کراچی اور راولپنڈی سے موصول ہوئیں۔

بین الاقوامی سطح پر بھی "ایکس" کی سروس متاثر رہی۔ برطانیہ میں 10,800 سے زائد اور امریکا میں 40,000 سے زائد صارفین نے پلیٹ فارم تک رسائی میں مشکلات کی شکایات درج کرائیں۔


پاکستان میں فروری 2024 میں انتخابات کے موقع پر "ایکس" پر پابندی عائد کی گئی تھی، جو ایک سال گزرنے کے باوجود برقرار ہے۔ حکومت نے اس پابندی کو "قومی سلامتی اور امن عامہ" کا جواز بنا کر لاگو کیا تھا، جب کہ سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں نے اس اقدام کو آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس، وزارت اطلاعات اور دیگر سرکاری ادارے اب بھی "ایکس" پر سرکاری بیانات جاری کر رہے ہیں، جب کہ عام عوام کے لیے یہ پلیٹ فارم بدستور بند ہے۔

پاکستان میں "ایکس" کے تقریباً 45 لاکھ صارفین ہیں، جو اس کی بحالی کے منتظر ہیں، مگر حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں