بھارت کا یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ 100 ارب ڈالر کا معاہدہ

08:17 AM, 11 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی : بھارت اور 4یورپی ممالک میں 100ارب ڈالر (279کھرب پاکستانی روپے) کی سرمایہ کاری کے 15سالہ تجارتی معاہدے پر دستخط ہوگئے  ہیں۔  انڈیا سرمایہ کاری کے بدلے (یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن ) ایفٹا گروپ کے چاروں ممالک سوئٹزرلینڈ، ناروے، لخٹنشٹائن اور آئس لینڈ کی درآمدات پر ٹیکس ختم کردے گا۔

برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق معاہدہ 16سال تک جاری مذاکرات کے بعد طے پایا ہے ۔ پانچوں ممالک کو اپنی اپنی حکومتوں سے معاہدے کی منظوری لینا ہوگی ۔

 سوئس اقتصادی امور کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بھارت تجارت کی بڑی منڈی ہے، بھارتی حکام کے مطابق اس طرح کے معاہدے کے لئے برطانیہ کے ساتھ مذاکرات بھی آخری مرحلے میں ہے ۔

بھارتی وزیرتجارت پیوش گوئل کا کہنا ہے کہ ایفٹا گروپ کے ممالک آئندہ 15سال کے دوران انڈیا کی معیشت میں 100ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے ۔ اس کے بدلے انڈیا ان ممالک سے درآمد کی جانے والی صنعتی پیداوار پر عائد ٹیرف (ٹیکس) ختم کردے گا۔

گوئل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، "یہ ایک جدید تجارتی معاہدہ ہے جو پانچوں ممالک کے لیے یکساں طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا۔یہ معاہدہ مذاکرات کے 21ادوار کے بعد بلآخر طے پایا ہے۔اس معاہدے سے قبل انڈیا کے گذشتہ دو سال کے دوران آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی تجارتی معاہدے ہوئے تھے۔

نریندر مودی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک کیساتھ کیے جانے والے معاہدوں کا مقصد حکومت کی جانب سے 2030 تک ملکی برآمدات کو ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچانا ہے۔سوئٹزر لینڈ کی حکومت کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے بدلے انڈیا سوئٹزرلینڈ سے 95فیصد سے زیادہ صنعتی درآمدات پر ٹیرف مکمل ختم کرے گا یا جزوی طور پر ہٹائے گا۔

 سوئس اقتصادی امور کے سربراہ گائپرملین نے بھارت کو تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع کی منڈی قرار دیا ہے۔ناروے کے وزیرصنعت جان کرسٹائین کا کہنا تھا کہ ناروے کی کمپنیوں کی مصنوعات پر انڈیا میں بہت زیادہ یعنی 40 فیصد تک ٹیکسز ہیں اور اس معاہدے کے تحت اب ان مصنوعات پر کوئی امپورٹ ٹیکس نہیں ہوگا۔

اتوار کو ہونے والے معاہدے پر دستخط کرنے والے پانچوں ممالک پر لازم ہے کہ وہ اسے اپنی حکومتوں سے توثیق کرائیں گے۔مذکورہ معاہدے کی خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب ایک ارب 40کروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک انڈیا مئی کے مہینے میں انتخابات ہونے جارہے ہیں اور نریندر مودی ریکارڈ تیسری مدت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انڈیا ایفٹا گروپ کا یورپی یونین کے بعد پانچواں سب سے بڑا تجاری شراکت دار ہے اور 2023کے دوران 25 بلین ڈالر کی دو طرفہ تجارت ہوئی ہے۔

مزیدخبریں