پنجاب میں ایک انار 100 بیمار والی بات ہے، اتحادی اجلاس سے قبل وزیر اعظم پر اعتماد کا اعلان کرینگے: فواد 

پنجاب میں ایک انار 100 بیمار والی بات ہے، اتحادی اجلاس سے قبل وزیر اعظم پر اعتماد کا اعلان کرینگے: فواد 
سورس: File

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ پاک فضائیہ میں جدید ترین لڑاکا طیارے شامل ہونے سے پاک فضائیہ نے بھارتی زعم کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا ہے۔ پالیسی کے فیصلے پارلیمنٹ اور حکومت کا اختیار ہے۔ 
عدم اعتماد کا اجلاس بلانے سے قبل تمام اتحادی وزیراعظم پر اعتماد کا باضابطہ اعلان کر دیں گے ۔

چودھری برادران سےملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ سیاسی صورتحال جلداز جلد اور 23مارچ کی تقریب سے قبل ختم ہو، پاکستان مسلم لیگ (ق) اور پاکستان تحریک انصاف اتحادی ہیں اور ہم اتحادیوں جیسی ہی سوچ رکھتے ہیں، پیکا آرڈیننس پر چوہدری پرویز الٰہی سے بات ہوئی ہے، حکومتی اتحادی جلد وزیراعظم پراعتماد کا باضابطہ اعلان کر دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ رافیل طیارے حاصل کر کے بھارت نے برتری کا دعویٰ کیا تھا، جے ٹین سی کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے یہ برتری پاک فضائیہ کو حاصل ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قانون پر ہم نے چوہدری پرویزالٰہی سے درخواست کی تھی کہ وہ پیکا قانون کے حوالے سے ثالثی کا کردار ادا کریں اور دیکھیں کہ اس میں کیا بہتری لائی جا سکتی ہے اور ابھی ہم نے ان سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح اخباری مالکان سے بھی ہماری ملاقات ہوئی اور چوہدری صاحب سے بھی بات چیت ہوئی ہے اور ہم اس معاملہ کو مربوط طریقہ سے آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی سے سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم اور پاکستان تحریک انصاف اتحادی ہیں اور ہم اتحادیوں جیسی ہی سوچ رکھتے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مستقبل میں جو بھی بڑے فیصلے ہونے ہیں اس پرمسلم لیگ (ق) اور پی ٹی آئی ایک ہی پلیٹ فارم پر ہیں اور جو تحفظات ہیں وہ کافی حد تک دور کر دئیے ہیں اور باقی بھی دور کر دیں گے اور عدم اعتماد کا اجلاس بلانے سے قبل تمام اتحادی وزیراعظم پر اعتماد کا باضابطہ اعلان کر دیں گے جس سے موجودہ صورتحال ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ 23مارچ پر تقریباً 40سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ، 200سے زائد وفود اور دیگر اہم ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستان آ رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سیاسی صورتحال اس تقریب سے پہلے ختم ہو جائے اور امید ہے کہ اتحادیوں کی طرف سے وزیراعظم پر اعتماد کا باضابطہ اعلان جلد ہو جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) حکومت کے ساتھ ہے ،وہ کابینہ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک انار 100بیمار والا حال ہے، انشاءاللہ سب کو مطمئن کریں گے اور آپ دیکھیں گے کہ معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل ہو۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ علیم خان کے ترجمان نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی تردید کر دی ہے۔

علیم خان اور جہانگیر ترین کو ہم پی ٹی آئی کا حصہ تصور کرتے ہیں اور جو بھی فیصلہ ہو گا پی ٹی آئی کے حق میں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فوج اور حکومت الگ نہیں ہوتے۔ آئینی سکیم میں فوج حکومت اور ایگزیکٹو کا حصہ ہے اور اس پر کوئی دو رائے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو سیاسی سرگرمی ہے وہ صرف عدم اعتماد کی وجہ سے نہیں بلکہ 2023ءکے عام انتخابات اور اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ہے۔

مصنف کے بارے میں