پارلیمنٹ لاجز واقعے کے بعد مولانا فضل الرحمان کا اہم آڈیو پیغام جاری

12:01 PM, 11 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سربراہ پی ڈی ایم اور جمعیت علماء اسلام (ف ) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے آڈیو  پیغام جاری کیا ہے اور آج ملک بھرمیں احتجاج کی کال واپس لیتے ہوئے کارکنان  کو جمعے کے اجتماعات میں  شکرانے کے نوافل   اداکرنے کی ہدایت  کر دی۔

سماجی رابطے کی سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے  آڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں رضاکاروں اور ارکان اسمبلی کی گرفتاری کے بعد پورے ملک کو ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں جام کر دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز  پارلیمنٹ لاجز میں  اسلام آباد پولیس نے تمام قوانین اور اخلاقیات کو  روندتے ہوئے دھاوا بولا، ممبران پارلیمنٹ پر بلا جواز تشدد کیا ، عوام کے منتخب نمائندوں کو گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا ، ان کے مہمانوں کو  زد و کوب اور گرفتار کیا  اور پورے  واقعے کی غلط تصویر اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ قوم کے سامنے رکھا ، تاریخ کے صفحات پر اپنے سیاہ کردار کی پردہ پوشی کی بھونڈی کوشش کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ صبح ہونے سے پہلے ہی تمام ممبران قومی اسمبلی اور کارکن رہا ہوچکے ہیں، رہائی نہ ملنے کی صورت میں ہم نے دوبارہ سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا تھا، اب کارکنوں کی رہائی کے لیے سڑکوں پر آنے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

مزیدخبریں