’خاتون اول کیخلاف ریمارکس پر بلاول قوم سے معافی مانگیں‘

11:39 AM, 11 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  زرداری کے  خاتون اول سے متعلق  ریمارکس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ  بلاول قوم سے معافی مانگیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خاتون اول سے متعلق پیپلزپارٹی بلاول کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نامعقول بیان اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے پہلے اپنا گھر دیکھیں۔ 

عثمان بزدار نے کہاکہ بلاول کے ریمارکس ناقابل برداشت ہیں، وہ ان پر قوم سےمعافی مانگیں، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ سےمتعلق بیان حقائق کےمنافی اور غلط ہے، پنجاب میں ہمیشہ میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہےاور صوبے میں 100 فیصد تقرر وتبادلے میرٹ پر ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے خاتون اول پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے تھے.انہوں نے پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی بھی خاتون اول کے حوالے سے کوئی غلط بات یا زبان استعمال نہیں کی لیکن ان کی کرپشن کے بارے میں جو باتیں کی جا رہی ہیں ان کے بارے میں آپ کیا کہیں گے؟ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ جب تک خاتون اول کو پیسے نہ دیئے جائیں پنجاب میں کوئی تقرر و تبادلہ نہیں ہوتا ۔

مزیدخبریں