پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کیلئے صادق سنجرانی قرآن پر حلف تک اٹھانے کو تیار تھے، بلاول بھٹو

11:54 PM, 11 Mar, 2021

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ  پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کل سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکارکا مقابلہ کرےگی،کسی صورت سینیٹ کا چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین  تحریک انصاف سے نہیں ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز سمیت بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کل سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکارکا مقابلہ کرےگی،کسی صورت میں سینیٹ کا چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ملک کا مفاد اسی میں ہےکہ سیاست دانوں کو مثبت کردار ادا کرنے دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر صادق سنجرانی کی مبینہ پرانی ویڈیوگردش کر رہی ہے اور کسی کو علم نہیں کہ ہم نے صادق سنجرانی کو سینیٹ چیئرمین کے لیے کیوں ووٹ دیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق اس وقت ہمارے پنجاب کے بعض ساتھیوں کا خیال تھا کہ مسلم لیگ ن سے مل کر سیاست نہیں ہو سکتی اور اس وقت آزاد سینیٹر صادق سنجرانی مجھ سے ملنے گھر آئے اور چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے لیے مدد مانگی تھی۔

بلاول کے مطابق صادق سنجرانی نے کہا تھا کہ منتخب ہونے کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہو جاؤں گا۔ صادق سنجرانی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے لیے قرآن پر حلف تک اٹھانے کو تیار تھے تاہم انہیں قرآن پر حلف اٹھانے سے منع کیا اور کہا کہ آپ کی بات پر اعتبار ہے لیکن انہوں نے اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ترجمان سنجرانی کو ریاستی امیدوار قرار دےکر اداروں کو سیاست میں گھسیٹنےکی کوشش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں