آئس کا نشہ اور بیوی سے جھگڑا، پشاور کے شہری نے ایک سالہ بیٹے کی جان لے لی

08:05 PM, 11 Mar, 2021

پشاور: آئس نشے کی لت میں مبتلا شخص نے بیوی کیساتھ جھگڑے کے باعث کم سن بیٹے کی جان لے لی، پولیس نے خاتون کی شکایت پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پشاور کے علاقے چمن آباد میں پھانڈو پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزم کی اہلیہ مسمات نے شکایت درج کروائی کہ اس کا شوہر آئس نشے کی لت میں مبتلا ہے جس نے جھگڑے کے دوران ایک سالہ بیٹے محمد ریحان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 
سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سٹی نے واقعے کا سخت نوٹیفکیشن لیتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) رحمت اللہ خان اور تھانہ پھانڈو کے ایس ایچ او ہمایوں خان کو ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم عالم خان والد اوال خان کو گرفتار کر لیا۔ نجی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم دوران تفتیش بیوی کیساتھ جھگڑے کے دوران اپنے ایک سالہ بیٹے کو جان سے مارنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔ 
واضح رہے کہ گزفتہ سال خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے میں منشیات بالخصوص آئش جیسے نشے کی فروخت اور استعمال کے سدباب کیلئے قانون سازی کرتے ہوئے سخت اقدامات اٹھانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ صوبے کے وزیراعلیٰ محمود خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کے پی حکومت نے صوبے میں سب سے پہلا بحالی سینٹر بھی قائم کیا ہے جہاں آئس کی لت میں مبتلا لوگوں کا ناصرف علاج کیا جائے گا بلکہ انہیں معاشرے کیلئے مفید شہری بنایا جائے گا۔ 

مزیدخبریں