’پورا یقین ہے کل سینیٹ میں یکطرفہ میچ ہو گا‘

07:40 PM, 11 Mar, 2021

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء اور نومنتخب سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کل سینیٹ میں یکطرفہ میچ ہو گا اور صادق سنجرانی کامیابی حاصل کریں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے سینیٹ میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ میں پوری ذمہ داری کیساتھ یہ بات کہہ رہا ہوں کہ کل یکطرفہ مقابلہ ہو گا، ہماری جیت ہو گی اور اپوزیشن شکست کا منہ دیکھے گی، کل 16 سال کے بچوں کیساتھ میچ ہے۔ 

واضح رہے کہ کل سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کیلئے دنگل سجے گا جس میں عددی برتری کے اعتبار سے اپوزیشن کی جیت یقینی دکھائی دیتی ہے تاہم اسلام آباد میں سینیٹ کی جنرل نشست پر شکست کھانے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے متعلق کہا تھا کہ جیت کیلئے ہر حربہ استعمال کریں گے۔

یاد رہے کہ حکومت اتحاد کی جانب سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ جبکہ مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے نامزد کردیا ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی ہیں جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مولانا عبدالغفور کو نامزد کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں