سینیٹ الیکشن میں ایک جماعت نے ڈکیتی کی ہے، فردوس عاشق اعوان

سینیٹ الیکشن میں ایک جماعت نے ڈکیتی کی ہے، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: سینیٹ الیکشن میں ایک جماعت نے ڈکیتی کی ہے، فردوس عاشق اعوان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الزام عائد کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ایک جماعت نے ڈکیتی کی ہے۔

کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل کے الیکشن کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ آزاد اراکین اور اتحادیوں کی طاقت سے کل کا مقابلہ کریں گے جبکہ کور کمیٹی نے وزیراعظم کے فیصلوں کو سراہا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کور کمیٹی نے اپوزیشن کے پروپگنڈے کی مذمت کی ہے جبکہ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو نچلی سطح پر منظم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آصف زرداری نے جعلی راجکماری کو بے وقوف بنایا۔ 12 ویں کھلاڑی فضل الرحمان گراؤنڈ میں آنے کے لیے داؤ پیچ لگا رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو لانگ مارچ سے کوئی پریشانی نہیں ہے اور نہ ہی اپوزیشن کے لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو کارروائی ہو گی۔

اس سے قبل صادق سنجرانی نے تمام جماعتوں کو سینیٹ میں ساتھ لے کر چلنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تمام جماعتوں نے گزشتہ 3 سال بھر پور ساتھ دیا اور امید ہے آئندہ بھی دیں گے۔  اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ صادق سنجرانی کی کامیابی سے بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ بلوچستان کا صوبہ دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ پسماندہ ہے ۔بلوچستان سے صادق سنجرانی کا بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار اچھا اقدام ہے اور صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی کی نامزدگی اچھی نوید ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان پرامید ہے آنے والے وقت میں چیزیں مزید بہتر ہوں گی اور امید ہے کل کا دن ایک نئی نوید لے کر آئے گا جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کو بڑی اکثریت کے ساتھ سینیٹ میں بھی دیکھیں گے اور اتحادیوں کے ساتھ دینے پر بھرپور شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب ملک کی استقامت اور بہتری کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں کیونکہ آج ملک کو بہتری اور استقامت کیلئے یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ ہمارا رابطہ حکومتی اتحادیوں سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے بھی رہا ہے اور اختلافات سب کے ہیں لیکن ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو متحد ہونا ہو گا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا چھوٹے صوبے کی نمائندگی فیڈریشن میں بھی ضروری ہے اور امید ہے سب لوگ بہتر فیصلہ کریں گے اور سینیٹ الیکشن صرف 2 جماعتوں کا نہیں سب کا ہے۔