چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات، صدر مملکت نے پریذائیڈنگ افسر مقرر کر دیا

06:59 PM, 11 Mar, 2021

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جے ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین کو  کل کے سینیٹ اجلاس کیلئے پریذائیڈنگ افسر مقرر کر دیا ہے جو ناصرف اجلاس کی صدارت کریں گے بلکہ نئے اراکین سے حلف لینے کے علاوہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کروائیں گے۔ 

تفصیلات کےمطابق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادیوں نے  چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کر رکھا ہے جبکہ مرزا آفریدی حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں جنہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نامزد کیا۔ 

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کیلئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے نام کی منظوری دی گئی تھی جبکہ عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا، عبدالغفور حیدری پی ڈی ایم کے امیدوار اور یوسف رضا گیلانی کے پینل سے ہوں گے، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا  فضل الرحمان نے عبدالغفور حیدری کے نام کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ  چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جمعے کو شیڈول ہے، جہاں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار صادق سنجرانی مد مقابل ہوں گے، چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہو گا  جبکہ  سینٹ سے 52 سینیٹرز آج ریٹائر ہو جائیں گے جن میں کئی شخصیات دوبارہ منتخب ہو نے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور 48 نو منتخب ارکان سینیٹ کل حلف اٹھائیں گے۔ 

حلف اٹھانے کے منتظر نو منتخب سینیٹرز میں پاکستان تحریک انصاف کے 19، پیپلز پارٹی کے 8، بلوچستان عوامی پارٹی کے 6، مسلم لیگ (ن) کے 5، جمیعت علما اسلام (ف) کے 3 جبکہ ایم کیو ایم ، بی این پی مینگل اور اے این پی کے 2،2    اور مسلم لیگ ق کا ایک رکن شامل ہے، نو منتخب ارکان سینیٹ 12 مارچ کو 6 سال کی مدت یعنی 2021ءسے 2027ء تک کیلئے بطور سینیٹر حلف اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں