کراچی ، نقیب اللہ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ،گواہوں نے ملزمان راؤ انوار، شعیب شوٹر اور امان اللہ مروت کے فون نمبرز کی تصدیق کردی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے
عدالت نے 2 پولیس اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد کردی، اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے تین گواہ عدالت میں پیش کیےگئے۔
گواہوں نے اپنے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان امان اللہ مروت،شعیب شوٹر اور راؤ انوار سے انہی نمبروں پر رابطہ ہوتا رہا ہے اور مختلف کاموں کے حوالے سے ان ہی نمبرز سے ملزمان سے بات ہوتی تھی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر کیس کے مزید گواہوں کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 13 جنوری 2018 کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کو دیگر 3 افراد کے ہمراہ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔