سری نگر: قابض افواج نے دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ قابض افواج ضلع اسلام آباد کے علاقے میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھر میں گھس گئیں اور اندھا دھند فائرنگ کی جب کہ اس موقع پر علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل سیل کر دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقے میں اب بھی سرچ آپریشن کے باعث گھر، گھر تلاشی کا عمل جاری ہے جب کہ کسی بھی مظاہرے سے بچنے کے لیے انتظامیہ نے وادی میں انٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے گزشتہ تین سال کے دوران 850 کشمیریوں کو شہید کیا۔ شہید ہونے والوں میں 18 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 55 نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 850 کشمیریوں کو 2018ء سے لیکر 2020ء کے دوران شہید کیا گیا، 61 نوجوانوں کو دوران حراست اور جعلی پولیس مقابلے میں شہید کیا گیا۔ یہ رپورٹ بھارتی سرکار کی طرف سے حاصل کی ہے جو گزشتہ روز لوک سبھا میں جمع کروائی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین سال کے دوران 750 لوگوں کو شہید کیا گیا۔ 61 خواتین کو بیوہ کیا گیا، 138 بچے یتیم ہوئے، 197 خواتین کے ساتھ قابض سکیورٹی فورسز نے نامناسب روّیہ رکھا۔