اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مرزامحمدآفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کردیا۔وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ٹوئٹ کیا کہ مرزا محمد آفریدی کا تعلق خیبرپختوانخواسے ہے۔مرزا محمد آفریدی سابق فاٹا سے سینیٹر ہیں،فیصلہ حکومتی اور اتحادی ارکان کے اعزاز میں ظہرانے کے بعد کیا گیا۔
مرزا محمد آفریدی ارب پتی بزنس مین ہیں۔مرزا محمد آفریدی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے حکومتی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دیے جانے والے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانے میں وفاقی وزرا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
وزیر اعظم کے ظہرانے میں 40 سے زائد سینیٹرز موجود تھے۔جی ڈی اے کے سینیٹر سید مظفر حسین شاہ وزیر اعظم کے ظہرانے میں شریک نہیں ہیں۔
ایم کیو ایم کے سینیٹرز فروغ نسیم اور خالدہ اطیب غیر حاضر ہیں۔ ذرائع کے مطابق فروغ نسیم امریکا کے دورے پر ہیں اور وہ دبئی پہنچ چکے ہیں۔ کل سینیٹ چیئرمین کے انتخاب سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے۔