پاک فضائیہ کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ سمری وزیر اعظم کو بھجوادی گئی

پاک فضائیہ کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ سمری وزیر اعظم کو بھجوادی گئی
کیپشن: پاک فضائیہ کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ سمری وزیر اعظم کو بھجوادی گئی
سورس: file

اسلام آباد: پاک فضائیہ کی کمان کی تبدیلی 18مارچ کو ہو گی، ایئر چیف کمان نئے سربراہ کو سونپیں گے ۔ پاک فضائیہ کے 22 ویں سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی الوداعی ملاقاتیں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئے پاک فضائیہ سربراہ کی تقرری کی منظوری کیلئے سمری وزیراعظم کو بجھوا دی گئی ۔ نئے ائیرچیف کے لیے نعمان علی، ظہیراحمد بابر، جواد سعید اور حسیب پراچہ کے نام شامل ہے ۔پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کے لیے 4 سینئر ترین افسران کے ناموں کی سمری بجھوائی گئی ہے۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے 18 مارچ 2018 کو عہدہ سنبھالا تھا۔ پاک فضائیہ کے پہلے سربراہ ایئروائس مارشل الن پیری کینی تھے ۔ ان کے بعد عہدہ ایئر وائس مارشل ریکارڈ ایچرلی نے سنبھالا۔ ایئر وائس مارشل لیسلی ولیم کینن تیسرے سربراہ بنے۔ ایئروائس مارشل ارتھر مکڈونلڈ پاک فضائیہ کے چوتھے سربراہ تھے۔

چار برطانوی سربراہوں کے بعد 1957 میں پاک فضائیہ کا سربراہ ایئر مارشل اصغر خان کو بنایا گیا۔ اصغر خان پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ تھے۔ ایئر مارشل نور خان 1965 میں دوسرے سربراہ بنے۔ ایئرمارشل عبدالرحیم خان یکم ستمبر 1969  کو تیسرے سربراہ بنے۔

مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد ایئرمارشل ظفر احمد چودھری پہلے پاک فضائیہ کے سربراہ بنے۔ ایئرچیف مارشل ذوالفقار علی خان نے 1974 میں نویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ایئرچیف مارشل انور شمیم  1978 میں پاک فضائیہ کے دسویں سربراہ بنے۔ 

ایئرچیف مارشل جمال احمد خان 1985 ء میں گیارہویں ، ایئر چیف مارشل حکیم اللہ خان 1988ء میں بارہویں ، ایئرچیف مارشل فاروق فیروز خان 1991 ء میں تیرہویں اور ایئرچیف مارشل ایم عباس خٹک 1994 ء میں  پاک فضائیہ کے چودھویں سربراہ بنے۔  

انیس سو ستانوے میں ایئر چیف مارشل پرویز مہدی قریشی نے 15 ویں ایئرچیف کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ایئر چیف مارشل مصحف علی میر 16 ویں سربراہ بنیں۔ ایئر چیف مارشل کلیم سعادت 2003 میں 17 ویں سربراہ بنے۔ ایئرچیف مارشل تنویر محمود احمد نے 2006ء میں 18 ویں ایئر چیف کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

تنویر محمد احمد کے بعد ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان  2009 میں 19 ویں سربراہ بنے۔ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ 2012ء میں 20 ویں ایئر چیف بنے۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے 2015ء میں 21 ویں سربراہ پاک فضائیہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ 18 مارچ کو سبکدوش ہونے والے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان 22 ویں ایئر چیف ہیں۔