لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ برطانیہ نے کبھی کسی کو واپس نہیں بھیجا، اسحاق ڈار اور بانی ایم کیو ایم کی مثالیں سامنے ہیں۔اعتزاز احسن نے اپنے ایک بیان میں علاج کی غرض سے لندن گئے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں بھائی بھی باہر ہیں اور پیسے بھی بچا گئے، وہاں یہ لوگ ملاقاتیں کر رہے ہیں اور دونوں بھائیوں کی طبعیت بھی ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے ضامن نواز شریف ہیں اور حکومت اب نواز شریف کو واپس وطن نہیں لا سکتی، شریف خاندان کے لوگ باہر رہیں گے۔
اعتزاز احسن نے جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق کہا کہ مولانا نے نواز شریف کو رہا کروانے کے لیے اسلام آباد کا رخ کیا۔
انہوں نے پی پی پارٹی رہنماؤں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آصف زراری اور فریال تالپور ملک سے باہر نہیں گئے، آصف زرداری شدید بیمار ہیں اور انہوں نے باہر جانےکی اجازت نہیں مانگی، مسلم لیگ ن نے ضمانت دی ہے کہ وہ اپنا ووٹ عمران خان کے خلاف نہیں ڈالے گی۔