کراچی:پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثقافت سے لطف اندوزہورہاہوں، شلوار قمیض پہن کر بہت اچھا لگ رہاہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے گورنر ہاﺅس میں پودا بھی لگایا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کلچر انجوائے کررہاہوں،پاکستان کے کھانے بہت لذیذ ہیں جبکہ پشاور زلمی کیلئے کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوئی۔
ڈیرن سیمی نے مزید کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ،امید ہے پی ایس ایل میں کامیاب ہونگے ،پاکستان کا کلچر پہلے دن سے انجوائے کر رہے ہیں ،مختلف ثقافتوں کو جان رہے ہیں جبکہ مچھلی ، بریانی اور دیگر ڈشز بھی کھائیں ۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاﺅس آمد پر ڈیرن سیمی کا شکر گزار ہوں،ڈیرن سمی نے پاکستان کی سیکیورٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان پر اعتماد کیا ہے ،یہ پاکستان کے سفیر ہیں جبکہ ہمارا ملک ترقی پسند ملک ہے ۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈیرن سیمی کی زیب تن ملبوسات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت جچ رہا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ڈیرن سیمی پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد کا حصہ بنے ،بیرون ملک جاکر بتاتے ہیں کہ پاکستان امن پسند ترقی پزیر ملک ہے ، ڈیرن سیمی کی ٹیم کی کامیابی کے لئے نیک تمنائیں ہمارے ساتھ ہیں ۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ پشاور زلمی اور کویٹہ گلیڈئیٹرز کے فین ہیں کوئی بھی جیتے کامیابی پاکستان کی ہوگی ،میں خود کراچی کنگز کو سپورٹ کرتا ہوں، میرے گھر میں ایک بچہ کوئٹہ اور دوسرا پشاور کو سپورٹ کرتا ہے جبکہ میں دعا کرتا ہوں پشاور جیتے۔