لاہور:نواز شریف پر جوتا پھینکے جانے کے واقعے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک دوسرے کی اتنی تذلیل ،ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جامعہ نعیمہ میں نواز شریف پر جوتا پھینک دیا گیا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ سعد رفیق نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جوتے،ڈنڈے ،پھانسیاں جلاوطنیاں ،قتل، ناا ہلیاں، جیلیں ،تشدد ،بہتان،الزام، اور غدار کے لقب کے بعد ایک دوسرے کی اتنی تذلیل کہ ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں رہی جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہاان ہتھکنڈوں سے نواز شریف کی مقبولیت کو ختم نہیں کیا جاسکتا،ایسے افراد کے پیچھے جو قوتیں ہیں ان سے نبردآزما ہیں۔
وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ جوتاپھینکنے کا واقعہ قابل مذمت ہے،معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان ہے اورایسے واقعات منصوبہ بندی سے کرائے جاتے ہیں۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ایسا عمل عدم برداشت کے رویہ کی عکاسی کرتا ہے،اس طرح کے رویے معاشرے کیلئے مشکل ہو جائیں گے،مخالفین بھی جوتا پھینکنے کے عمل کی مذمت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شیخ رشید اور فواد چوہدری کی نواز شریف پر جوتا پھینکنے کی مذمت
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوچنے کی ضرورت ہے ہم رویوں کو کس طرح لے جا رہے ہیں،ان لوگوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے جنہوں نے ساڑھے 4 سال میں ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کئے،یہ معاملہ کل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، اس سے کوئی بعید نہیں،عمران خان کی انتشار کی سیاست کی وجہ سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں۔خیال رہے کہ نواز شریف پر آج جامعہ نعیمہ میں جوتا پھینک دیا گیا جس کے بعد پی ٹی آئی اور شیخ رشید کی جانب سے بھی اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔